ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا حکومت نے گلیات کے سیاحتی علاقوں میں سیوریج نظام کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام، صفائی میں بہتری اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت زائد چن زیب اور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) شاہ رخ علی کی ہدایات پر جی ڈی اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل انجینئر ارسلان شوکت اور نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے ماہرین نے گلیات کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انجینئرز نے موجودہ سیوریج نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور درپیش مسائل کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کے پائیدار حل تجویز کیے۔
یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا میں گرج چمک اور ژالہ باری کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شاہ رخ علی کے مطابق سیوریج نظام میں بہتری سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ اس سے گلیات کی قدرتی خوبصورتی اور صفائی کا معیار بھی بلند ہوگا، جو سیاحوں کی آمد و رفت میں اضافے کا باعث بنے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گلیات کی ترقی اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ اقدامات ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔





