امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ کشمیر کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر امریکا بھارت اور پاکستان دونوں ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان پر زور دے رہا ہے کہ وہ کشیدگی کو مزید نہ بڑھائیں۔
پریس بریفنگ دیتے ہوئے ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے جلد بات چیت کرنے والے ہیں جس کے بعد خطے میں جنگ کے بادل چھٹنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ وزیر خارجہ کی جانب سے اس مسئلے پر ایک خصوصی نوٹ موصول ہوا ہے جس میں کشمیر کے تناظر میں دونوں فریقین سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نہ صرف وزرائے خارجہ کی سطح پر بلکہ دیگر حکومتی سطحوں پر بھی بھارت اور پاکستان سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہے ہیں اور اس بار وزیر خارجہ خود اپنے ہم منصبوں سے براہِ راست بات کریں گے، ہمیں یقین ہے کہ اس کا مثبت اثر ہوگا، جیسا کہ ماضی میں بھی ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو ایسا رد عمل نہیں دینا چاہیے جو خطے میں تنازع کا باعث بنے، امریکی نائب صدر
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک ایک ذمہ دارانہ حل کی طرف بڑھیں۔
ٹیمی بروس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بعض رہنماؤں کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم امریکا خطے میں تمام تر پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھی اس صورتحال کو بغور دیکھ رہی ہے اور ضروری ہے کہ تمام فریقین صبر و تحمل سے کام لیں۔





