اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے اور اب تک اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت محض اپنے داخلی بیانیے کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان عالمی فورمز سے رجوع کرے گا۔ پانی کا رخ موڑنے کی اگر کوئی اور حرکت کی گئی تو پاکستان اس کو تباہ کر دے گا، وزیر دفاع نے سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کوئی معمولی بات نہیں، بھارت کو اپنے اقدامات کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ہی بیانیے کا مغوی بن چکا ہے اور پاکستان اسے کسی قسم کی فیس سیونگ نہیں کرنے دے گا، بلکہ دنیا کے سامنے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کی طرف سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے، ہماری بھی تیاری مکمل ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے، حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔





