پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی میں موجود ہیں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے علاقے میں کارروائی کی۔ فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد ہوئے۔
کارروائی کے دوران بعض دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 3 دہشت گرد ہلاک!
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خاتمے اور شرپسند عناصر کو ان کے انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔





