اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے ملک بھر میں کرکٹ اسٹیڈیمز کی تعمیرِ نو پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن سے متعلق بریفنگ بھی مانگی ہے، جبکہ اسٹیڈیم اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر آنے والے اخراجات سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کمیٹی کو اپنی گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دیں گے، جس میں کرکٹ بورڈ کے مختلف اقدامات اور منصوبہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے پیشِ نظر لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا ہے، تاکہ شائقین کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا
کمیٹی کا یہ اقدام پی سی بی کے مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے اور قومی سرمائے کے درست استعمال کو یقینی بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔





