کرک میں بارش ، ندی نالوں میں طغیانی ،2 افراد بہہ گئے ، گندم کی فصل کا نقصان

کرک میں بارش ، ندی نالوں میں طغیانی ،2 افراد بہہ گئے ، گندم کی فصل کا نقصان

کرک کے نواحی علاقے ملاگی بانڈہ میں طوفانی بارش نے شدید تباہی مچا دی، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث دو افراد پانی میں بہہ گئے، جبکہ درجنوں مویشی بھی سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شدید بارش اور ژالہ باری نے علاقے میں نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ طغیانی کے باعث مقامی آبادی کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بارش اتنی شدید تھی کہ ندی نالے دیکھتے ہی دیکھتے سیلابی شکل اختیار کر گئے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ ژالہ باری اور بارش سے گندم کی تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ مقامی کسانوں نے بتایا کہ یہ وہ فصل تھی جس پر وہ پورے سال انحصار کرتے ہیں، اور اس کی بربادی سے انہیں لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بہہ جانے والے دونوں افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ مقامی افراد بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔ علاقے میں تاحال شدید موسمی صورتحال برقرار ہے جس کے باعث مزید نقصان کا خطرہ موجود ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top