اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت اور مودی سرکار کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہماری سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان پوری جارحیت کے ساتھ اس کا جواب دے گا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ہم نہیں ہوں گے تو پھر کوئی بھی نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اس بات پر عوام کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ پاکستان میں سیاسی تقسیم کے باوجود قوم یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جبکہ بھارت اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہماری قوم اہم قومی معاملات پر متحد ہے۔
وفاقی وزیر دفاع نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن پی ٹی آئی ہر چیز کو مشروط کرنے کی روش اختیار کیے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حالیہ سیکیورٹی بریفنگ میں بھی شرکت سے گریز کیا اور صرف اپنے ذاتی مسائل کو ترجیح دی۔
یہ بھی پڑھیں : پہلگام واقعہ پراسرار، بھارت کی نئی چال ہو سکتی ہے، احسن اقبال
خواجہ آصف نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے اسے راتوں رات چائے پلا کر واپس بھیج کر قومی وقار کے ساتھ ناانصافی کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کمزوری دکھانا ایک غلطی تھی جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔