بھارتی میڈیا کا اعتراف! پاک فوج نے 3 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بالآخر بھارتی میڈیا نے بھی پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی سکیورٹی ذرائع نے تسلیم کیا ہے کہ پاک فوج نے تین بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں، جن میں جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش میں نشانہ بنے۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے جنگی عزائم کو ناکام بنایا۔
مزید یہ کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی گولہ باری کے نتیجے میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں پر 7 اہلکار ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔ زمینی محاذ پر بھی پاکستان نے بھرپور جواب دیا، جس کے بعد لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن کی کئی چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ رات گئے بھارتی فضائیہ کی بزدلانہ کارروائی کے بعد پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی میں 6 بھارتی طیارے مار گرائے، جن میں تین جدید فرانسیسی ساختہ رافیل، ایک مگ 29، ایک SU-30 اور ایک ڈرون شامل ہیں۔
پاک فوج اور فضائیہ کی مکمل ہم آہنگی اور مستعدی سے دشمن کو نہ صرف واضح پیغام ملا ہے بلکہ بھارتی قیادت کو بھی اندرونی سطح پر شدید دباؤ کا سامنا ہے۔





