اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جو نور خان ایئر بیس چکلالہ کے قریب محسوس کی گئیں۔
شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے شدید نوعیت کے تھے اور ان کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکے بھارتی حملے کی کوشش کا نتیجہ تھے جسے پاکستان کے دفاعی نظام نے بروقت ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کا ہدف نور خان ایئربیس تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی نے ممکنہ نقصان سے بچا لیا۔ دھماکوں کی نوعیت اور مزید تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ عوام سے پرامن رہنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔





