ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ جنگ بندی مفاہمت میں امریکی تعمیری کردار کو سراہتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ڈونلڈ جے ٹرمپ کے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکی صدر کے بیان کو سراہتا ہے اور ہم حالیہ جنگ بندی مفاہمت میں امریکہ کے تعمیری کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کا پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدام اور جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے کوششوں پر آمادگی کا اظہار علاقائی استحکام کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ پاکستان نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیا اور اس سے باہر کے امن و سلامتی کے لیے سنگین مضمرات رکھتا ہے، اور اس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
پاکستان نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بشمول ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور امریکہ کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔





