اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھارت کے نیوکلیئر بلیک میلنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کسی بھی مرحلے پر بھارت کے خلاف بلیک میلنگ نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ہمیشہ سے یہی وطیرہ رہا ہے کہ وہ جھوٹ بولتا ہے اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنا دفاع موثر انداز میں کیا ہے اور ہم نے بھارت کے کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے جنگ ہمارے اوپر مسلط کی تھی اور پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، ہم نے ہمیشہ امن کی کوشش کی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے بھارت کی جانب سے سیزفائر کا مطالبہ کرنے کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ اگر بھارت دوبارہ حملہ آور ہوتا ہے تو ہمارا جواب اس سے بھی سخت ہو گا۔
انہوں نے نریندر مودی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی باتیں اس کی ساکھ کو مزید خراب کر رہی ہیں اور بھارت میں لوگ مودی کو گالیاں دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی ایک گھٹیا شخص ہے، اس کی سوچ نے بھارت کو تباہ کر دیا ہے۔ مودی آر ایس ایس کے بیانیے کو لے کر چل رہا ہے، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی وزیراعظم کی تقریر جھوٹ پر مبنی تھی، عطا تارڑ
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ پاکستان دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کو “بےہودگی” قرار دیتا ہے اور ان کے مطابق ایسا کوئی بھی اقدام خطے کی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہوگا۔





