اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورت میں ان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ وہ پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، نہ کہ کسی ایسی حکومت کے پیچھے جسے وہ خود نہیں مانتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ہم کسی حکومت کے ساتھ نہیں، بلکہ ہمیشہ قوم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ جس حکومت کو ہم تسلیم نہیں کرتے، اس کے پیچھے کھڑا ہونا ممکن نہیں۔ جنگ کے وقت اس قوم کو کسی حکومت کی نہیں، بلکہ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے۔
پروگرام میں شریک دفاعی تجزیہ کار ریٹائرڈ ایئر مارشل شاہد اختر نے کہا کہ حالیہ واقعات نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد کو مزید پختہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بہت زیادہ حیران نہیں ہوا، کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ پچھلے دو تین سالوں میں تربیت کے شعبے میں کتنی ترقی ہوئی ہے۔ لیکن جس سطح پر اسپیکٹرم کنٹرول کیا گیا، وہ واقعی خوش آئند ہے۔ یہ صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک مکمل حکمت عملی ہے، جس میں تمام شعبے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارتی رافیل طیارے کے ماڈل کو آگ لگا دی
جب ان سے بھارتی لڑاکا طیارے رافیل کی تباہی سے متعلق سوال کیا گیا تو شاہد اختر نے کہا کہ اگرچہ بھارت نے اس واقعے کو تسلیم نہیں کیا، لیکن چونکہ پاکستان نے خود اعلان کیا، اس لیے فائدہ بھی پاکستان کو ہی ہوا۔ بھارت کی حکومت اس پوزیشن میں نہیں تھی کہ وہ حقیقت کو تسلیم کرے، اس لیے ان کا ردعمل وقت کے لحاظ سے محتاط اور محدود تھا۔





