اسلام آباد: پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے سفیر نے کہا ہے کہ خطے میں امن و امان کی صورتحال خراب نہیں ہونی چاہیے، اور بنگلہ دیش کسی بھی قسم کی کشیدگی (ٹینشن) کا حامی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ایک امن پسند قوم ہے اور جنگ کی حمایت نہیں کرتا، لیکن اگر جنگ مسلط کی جائے تو اپنی طاقت دکھانا ناگزیر ہو جاتا ہے۔سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے مشرقی حصے میں بھی مسائل موجود ہیں، تاہم ہم مسائل کے حل کے لیے پرامن طریقوں کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے تنازعات کا حل خود نکالنا چاہیے کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام پاکستان کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت اور بنگلادیش کے درمیان تجارتی کشیدگی، دو طرفہ پابندیاں عائد
ہم پاکستان کے ساتھ تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔سفیر نے زور دیا کہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔