بھارت کو مؤثر جواب ملا، پاکستان نے ریاستی طاقت سے شکست دی، فضل الرحمان

کوئٹہ : کوئٹہ میں مودی اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ریاستی قوت کے ذریعے شکست دی اور اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کا سارا ملبہ صرف 10 منٹ میں پاکستان پر ڈال دیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے، جسے کوئی ایک ملک معطل نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کوئی ملک دوسرے ملک پر جارحیت کا حق نہیں رکھتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے بل پر تنازعات کو حل نہیں کیا جا سکتا۔

مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بھارت کے اندر خود مودی پر اس کی پارلیمنٹ میں تنقید ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان میں مکمل یکجہتی پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اچھا اخلاق اپنا کر ہی جے یو آئی کا مشن پورا کیا جا سکتا ہے، مولانا فضل الرحمان

اسرائیل کے مظالم پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے عام شہریوں کو بمباری کا نشانہ بنایا، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔

مولانا نے بلوچستان کے عوام کی حمایت میں کہا کہ بلوچستان کا اصل مالک اس کے عوام اور ان کے بچے ہیں، اور ان کے حقوق کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

Scroll to Top