اسلام آباد: حکومت نے معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج 16 مئی 2025 کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
یوم تشکر کی تقریبات کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
اس دن مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا اور پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کی جائیں گی۔ ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔
آپریشن بنیان المرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق:وفاقی حکومت کا کل قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان
یوم تشکر کی نمایاں تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ اس مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے، جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔





