پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے غیر ملکی پلیئرز کی فہرست تیار، ٹیموں نے کھلاڑیوں کو سائن کر لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن 10 کے بقیہ میچز کے لیے ٹیموں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست فائنل کرنا شروع کر دی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جنوبی افریقا کے رائیلی روسو اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن کی دستیابی ظاہر کر دی ہے، جبکہ سری لنکا کے دنیش چندیمل اور اویشکا فرنینڈو کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ افغانستان کے گلبدین نائب بھی گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اسکواڈ میں ایلکس ہیلز، رسی ون ڈر ڈوسن، بین ڈوارشیئس، ٹیمال ملز اور جمی نیشم کو شامل کیا ہے، جبکہ کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر، محمد نبی، جیمز وینس اور اسکاٹ لینڈ کے جیورج منسے کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

لاہور قلندرز نے شکیب الحسن، سکندر رضا اور راجاپکسے کو بقیہ میچز کے لیے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، جبکہ پشاور زلمی نے لیوک ووڈ، کیڈمور، نجیب زدران اور میکس برائنٹ کی خدمات حاصل کی ہیں۔

ملتان سلطانز نے آسٹریلین کرکٹر جوش براؤن اور پیٹر ہیٹزوگلو کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے منتخب ہونے والے پلیئرز ری ٹینشن کے اہل ہوں گے اور ٹیمیں اگلے ایڈیشن میں انہیں برقرار رکھ سکیں گی۔ تاہم غیر معمولی حالات میں ری پلیسمنٹ پک ہونے والے پلیئرز کو عام ری پلیسمنٹ سمجھا جائے گا۔

پی ایس ایل میں ٹیموں کے اضافے کی صورت میں فرنچائزز تین سے پانچ پلیئرز ہی ری ٹین کر پائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 10: کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے دوبارہ دستیابی ظاہرکر دی

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز معطل کر دیے گئے تھے، لیکن اب جنگ بندی کے بعد لیگ کو دوبارہ بحال کر لیا گیا ہے، اور میچز 17 سے 25 مئی تک کھیلے جائیں گے۔ 17 مئی کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ ہو گا۔

Scroll to Top