بس اڈے کے ٹینڈر میں غبن کرنیوالے ٹھیکیدار سے بھاری رقم برآمد

بس اڈے کے ٹینڈر میں غبن کرنیوالے ٹھیکیدار سے بھاری رقم برآمد

اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں اہم کارروائی کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کے ٹینڈر میں غبن کا سراغ لگا لیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں اہم کارروائی کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کے ٹینڈر میں غبن کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران ٹھیکیدار سے 1 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 160 روپے کی خطیر رقم ریکور کر لی گئی، جبکہ باقی رقم کی وصولی کا عمل جاری ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن کو جنرل بس اسٹینڈ خار کے ٹینڈر کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ نے انکوائری کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ ٹھیکہ جون 2022 میں تین سال کے لیے الاٹ کیا گیا تھا، مگر ٹھیکیدار نے طے شدہ معاہدے کے مطابق کوئی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی۔

انکوائری میں الزامات درست ثابت ہونے پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹھیکیدار سے ابتدائی طور پر 1 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد کی رقم واپس وصول کر لی گئی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق قومی خزانے کو اس بدعنوانی کے باعث مجموعی طور پر 2 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 160 روپے کا نقصان ہوا، جس میں سے باقی رقم بھی جلد بازیاب کر لی جائے گی۔

محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور قومی وسائل کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top