اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان کا سرکاری دورہ 6 سے 8 اکتوبر تک ہوگا، انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔

انتونیو گوتریس کی اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکرٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے استقبال کیا۔

یو این چیف انتونیو گوتریس صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے تفصیلی ملاقاتیں کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل اپنے دورے کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کریں گے۔

 یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ قدرتی آفات اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔

وہ پاکستان اور بھارت کے لیے قائم اقوامِ متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا بھی باقاعدہ دورہ کریں گے،واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

Scroll to Top