پی ٹی آئی کا بڑا سیاسی قدم؟اتحادیوں کیساتھ وزیراعظم اور اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر غور

پی ٹی آئی کا بڑا سیاسی قدم؟اتحادیوں کیساتھ وزیراعظم اور اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر غور

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن اتحادکیساتھ ملکر وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو)کے مطابق، بانی پی ٹی آئی سے حالیہ ملاقات میں ان کے وکلا اور قریبی عزیزوں، بشمول ان کی بہنوں، نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز پیش کی۔ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود خان اچکزئی کے اس مؤقف سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کی گئی ہے۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے آگے بڑھانے اور مکمل حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت اور اپوزیشن اتحاد کو اختیار دیا ہے کہ وہ مناسب وقت پر اس فیصلے پر عملدرآمد کریں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو نہ صرف پارلیمنٹ کے اندر بلکہ باہر بھی بھرپور سیاسی دباؤ کا سامنا کرایا جائے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن زیر غور ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث یہ معاملہ وقتی طور پر مؤخر کیا گیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا’’اگر ہم اس موقع پر تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں تو یہ تاثر جا سکتا ہے کہ ہم جنگ جیسے حساس وقت میں بھی سیاست کر رہے ہیں۔ تاہم، یہ آپشن ہمارے پاس موجود ہے اور ہم اسے مناسب وقت پر استعمال کریں گے۔‘‘

پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد کی ممکنہ سیاسی چالیں ملکی سیاسی منظرنامے میں ایک نیا موڑ پیدا کر سکتی ہیں، جس پر نظر رکھنا ناگزیر ہے۔

Scroll to Top