راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے زور دیا ہے کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے اور پارٹی و افواج کے درمیان ہم آہنگی ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔ ان کے مطابق عمران خان نے صرف حکومت کے ساتھ بات چیت سے انکار کیا تھا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے افواج پاکستان کی بھارت کو مؤثر جواب دینے کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوا بلکہ قوم کا مورال بھی بلند ہوا۔ عمران خان کا کہنا تھا فوج بھی میری ہے، ملک بھی میرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت کا ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈ 150 ارب روپے تک بڑھانے کا فیصلہ
سلمان اکرم راجا نے ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ ملک میں قومی یکجہتی کی فضا قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
ان کے مطابق عمران خان نے زور دیا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔





