عیدالاضحیٰ پر یوٹیلیٹی اسٹورز پر مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں کمی

اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے برانڈ کے خالص مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان کارپوریشن کے مطابق قیمتوں میں 5 روپے سے لے کر 105 روپے فی پیک تک کمی کی گئی ہے، جس کا مقصد عید کے موقع پر شہریوں کو معیاری اشیاء کم قیمت پر فراہم کرنا ہے۔

کمی کی گئی قیمتوں کی مثال دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ:

سرخ مرچ (200 گرام) کی قیمت 165 روپے سے کم ہو کر 130 روپے کر دی گئی ہے۔

دھنیا (200 گرام) 174 سے کم ہو کر 140 روپے ہو گیا ہے۔

گرم مصالحہ (50 گرام) کی قیمت 152 سے گھٹ کر 120 روپے کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق دیگر مصالحہ جات جیسے ہلدی، زیرہ، دارچینی، کالی مرچ، بڑی اور سبز الائچی، لونگ وغیرہ بھی کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام اسٹورز پر ضروری اشیائے خورونوش بغیر کسی شرط اور آسانی سے دستیاب ہیں تاکہ عوام کو مہنگائی کے دور میں زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔

Scroll to Top