پاک، چین اور افغان وزرائے خارجہ کا تجارت اور ترقی کے فروغ پر اتفاق

پاک، چین اور افغان وزرائے خارجہ کا تجارت اور ترقی کے فروغ پر اتفاق

چین کے دارالحکومت میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک اہم غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی استحکام، اقتصادی تعاون اور دہشتگردی خاتمے بارے باہمی اتفاق رائے سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ملاقات کے دوران تینوں فریقین نے سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی رابطوں کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔ وزرائے خارجہ نے تجارت، انفراسٹرکچر، اور ترقی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) کے تحت تعاون کو وسعت دینے اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو افغانستان تک توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس اقدام کو خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق، وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سہ فریقی تعاون خطے کی مشترکہ خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے کا چھٹا سہ فریقی اجلاس جلد کابل میں منعقد کیا جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب خطہ کئی چیلنجز سے دوچار ہے اور تینوں ممالک کے درمیان تعاون کو مستحکم کرنا علاقائی استحکام کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top