خیبرپختونخوا حکومت کا عزم،تعلیم اور صحت پر بھرپور توجہ دینگے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا حکومت کا عزم،تعلیم اور صحت پر بھرپور توجہ دینگے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا بجٹ میں تعلیم و صحت ترجیح ہے، ڈی آئی خان میں جاری منصوبے مکمل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ ڈی آئی خان کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈی آئی خان کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں منتخب نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بجٹ حکمتِ عملی پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی فنڈ کا بڑا حصہ ان منصوبوں کے لیے مختص کیا جائے گا جن پر 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی انڈومنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے محفوظ ہیں، جنہیں عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جہاں ضرورت ہو، وہاں کرائے کی عمارات میں اسکولز اور کالجز کھولے جائیں تاکہ فوری طور پر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور آئندہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top