چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت رکھنے کے باوجود جس حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ اس سے پوری دنیا کو امن اور برداشت کا پیغام گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی معرکہ حق کی قوم کو فتح پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماضی میں پیش آئے پلوامہ واقعے کے بعد ہم نے کسی تیسرے ملک سے غیرجانبدار انکوائری کا مطالبہ کیا تھا تاکہ حقائق واضح ہوں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بطور وزیرِاعظم انہوں نے بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھایا تھا۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قوم کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے مارے عوام کو کچھ سکون ملے۔
یہ بھی پڑھیں: معصوم بچوں کا خون قوم پر قرض ہے، فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کریں گے، محسن نقوی
ماحولیاتی مسائل پر بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سولر توانائی کے فروغ اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے آلودگی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔