پشاور :سینئر صحافی فدا عدیل نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی افغانستان کے لیے امداد دراصل نیک نیتی پر مبنی نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف بغض اور دشمنی کا مظہر ہے۔
فدا عدیل کے مطابق بھارت کی جانب سے 5 ہزار راشن بیگ ان افغان مہاجرین کے لیے بھیجے گئے جو پاکستان سے گئے تھے، تاکہ انہیں پاکستان کے خلاف بھڑکایا جا سکے۔ تاہم بھارت کو اس منصوبے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کو اپنی طرف مائل کر کے خطے میں پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں بھارت کے ساتھ اسرائیل کھڑا ہے، اور پاکستان پر حملوں میں استعمال ہونے والے کئی ڈرونز اسرائیل ساختہ تھے۔
ان کے بقول دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ پاکستان ہی بنا ہے جبکہ چین خطے میں امن قائم کرنے کا خواہاں ہے۔فدا عدیل نے ایک اور واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں 227 مسافروں پر مشتمل ایک بھارتی جہاز نے خراب موسم کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر اترنے کی کوشش کی، لیکن اسے اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی باتیں تب یاد آتی ہیں جب بھارت کے مفاد میں ہو، ورنہ وہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے میں دیر نہیں لگاتے۔سینئر صحافی کے مطابق پاکستان میں حالیہ دنوں میں داخلی اور خارجی سطح پر بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر بھارت کو سفارتی محاذ پر شرمندگی سے دوچار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نیشنل میڈیا کو خیبر پختونخوا میں پاک فوج اور پولیس کی قربانیاں نظر کیوں نہیں آتیں؟ ارباب خضر حیات
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر پاکستان کی 8 سے 9 بار تعریف کر چکے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کر کے ان ممالک کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔





