پیسکو نے خیبرپختونخوا کی بند صنعتوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا

پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے خیبرپختونخوا کی بند اور بیمار صنعتوں کو سہولت دینے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ پیسکو انتظامیہ نے صنعتی صارفین کے منقطع کنکشنز کی بحالی کے لیے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔

اس فیصلے کے تحت 6 ماہ سے 10 سال تک بند رہنے والے کنکشنز کے بقایاجات کو 24 ماہ میں اقساط میں ادا کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ پہلی قسط جمع کرانے کے ساتھ ہی بجلی کا کنکشن بحال کر دیا جائے گا۔ اس کا مقصد ادارے کی وصولیوں کو بہتر بنانا اور صنعتی شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

پیسکو نے متعلقہ دفاتر کو سب ڈویژن کی سطح تک اس فیصلے سے آگاہی اور عمل درآمد کے لیے مراسلہ بھیج دیا ہے، تاہم اقساط کی ادائیگی کے لیے مجاز اتھارٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔

نیپرا کی ری کنکشن پالیسی کے مطابق کنکشن بحال کرنے کے وقت پہلے سے چیکس اور ایک ایڈوانس قسط بھی جمع کرانا ہوگی۔ بقایاجات پر مارک اپ بھی لاگو ہوگا جو نیپرا کی جانب سے مقرر کیا جائے گا اور وہ پہلی قسط کے ساتھ واجب الادا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: ایم پی اے فضل الٰہی نے پیسکو گرڈا اسٹیشنزپر مشتعل افراد کے ہمراہ دھاوا بول دیا

کنکشن کی بحالی کے بعد اگر صنعتی یونٹ ماہانہ بل یا قسط کی ادائیگی میں ناکام رہا تو اس کا کنکشن بغیر کسی نوٹس کے منقطع کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top