ضلع خیبر میں زراعت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جہاں پہلی بار جدید طرزِ کاشت یعنی ورٹیکل فارمنگ کے ذریعے ٹماٹر کی فصل تیار کی گئی ہے۔
اس جدید طریقۂ کاشت نے ثابت کیا ہے کہ کم زمین پر بھی زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ورٹیکل فارمنگ ایک ایسا طریقہ ہے جس میں فصلوں کو زمین پر پھیلانے کے بجائے اونچائی میں، تہہ در تہہ اگایا جاتا ہے۔
یہ تکنیک نہ صرف جگہ کی بچت کرتی ہے بلکہ پانی اور دیگر وسائل کی کھپت بھی کم ہو جاتی ہے، جبکہ پیداوار کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ضلع خیبر میں اس منصوبے کو مقامی سطح پر زراعت میں انقلاب قرار دیا جا رہا ہے، جہاں محدود زرعی زمین رکھنے والے کسانوں کو امید کی نئی کرن دکھائی دی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہزاروں من ٹماٹر حاصل کیے جا چکے ہیں، جو کہ روایتی کاشت کاری کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دیربالا کے پہاڑوں میں امید کی کرن ،پن بجلی کا منصوبہ عوام کے لیے باعثِ راحت
ضلع خیبر میں اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ یہ ماڈل دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے گا، جس سے نہ صرف مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہو سکے گی۔





