عیدالاضحی کا موقع مسلمانوں کے لیے خوشیوں، قربانی اور ایثار کا پیغام لے کر آتا ہے، لیکن رواں سال عید کی رونقیں مہنگائی کے طوفان میں مانند پڑ گئی ہیں۔ جہاں ایک طرف قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، وہیں دوسری جانب عید سے جڑی دیگر خوشیوں پر بھی مہنگائی نے سایہ ڈال دیا ہے۔
نئے کپڑے، جوتے، مٹھائیاں اور بچوں کی ضروریات اب ایک عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ بازاروں میں خریداروں کا رش تو نظر آتا ہے، مگر زیادہ تر لوگ صرف قیمتیں دیکھ کر مایوس واپس لوٹ رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہک آتے تو ہیں، مگر خریداری کم کر رہے ہیں۔
روزگار کے مواقع محدود ہونے اور آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث عوام کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں عید قربان کی مویشی منڈیاں قائم، مہنگائی نے خریداری متاثر کر دی
ایک شہری نے شکوہ کیا کہ عید کی خوشیاں بچوں کے لیے ہوتیں ہیں، مگر ہم ان کی چھوٹی چھوٹی خواہشات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔





