خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات کے باعث 8 اموات، درجنوں زخمی، کئی مکانات تباہ

خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات کے باعث 8 اموات، درجنوں زخمی، کئی مکانات تباہ

 خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق 27 مئی سے جاری موسمی صورتحال کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 5 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔

بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر 25 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے 24 کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔

متاثرہ اضلاع میں مردان، صوابی، پشاور، شانگلہ، سوات، تورغر، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان، شیڈول جاری

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے اور ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top