ایبٹ آباد: ایبٹ آباد میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک اور حوصلہ افزا مثال سامنے آئی ہے، جہاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے مارشل آرٹس اسپورٹس گالا میں شرکت کر کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اسپورٹس گالا میں نوجوانوں نے شاندار مارشل آرٹس مظاہرے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ مقابلوں کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں کی شخصیت نکھارنے اور انہیں معاشرے کا مثبت فرد بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے والدین اور تعلیمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کریں تاکہ معاشرے میں مثبت سوچ اور سرگرمیاں پروان چڑھیں۔
مارشل آرٹس اسپورٹس گالا میں مختلف اسکولوں اور اکیڈمیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی، جس سے یہ واضح ہوا کہ ایبٹ آباد میں کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔





