خیبرپختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور آندھی کے باعث انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس بارے(پی ڈی ایم اے) نے نقصانات کی اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 27 مئی سے اب تک مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 خواتین اور 7 بچے بھی شامل ہیں، جو اس قدرتی آفت کے انسانی پہلو کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔
املاک کو نقصان:
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش اور آندھی کے باعث 34 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں 2 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید بارشوں کی پیش گوئی:
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے، اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





