تحریک انصاف پشاور کی تمام تنظیمیں تحلیل ، پارٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ

تنظیمیں تحلیل ہونے کے بعد تمام عہدیداران کو ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ضلع پشاور کی تمام تنظیمیں تحلیل کرتے ہوئے تمام عہدیداران کو ان کے فرائض اور ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ اعلامیہ ریجنل جنرل سیکرٹری شیر علی ارباب کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق تنظیموں کی تحلیل پارٹی کی مرکزی تنظیمی ہدایات کے تحت کی گئی ہے تاکہ آئندہ مرحلے میں تنظیم نو کے عمل کو زیادہ مؤثر اور منظم طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔

شیر علی ارباب نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد ضلع پشاور میں پارٹی کی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے اور عوامی رابطے کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی جلد نئی تنظیم سازی کے لیے مشاورتی عمل کا آغاز کرے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ تنظیمی مرحلے میں کارکنوں کی مشاورت اور شمولیت کو خاص اہمیت دی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور فعال ڈھانچہ تشکیل دیا جا سکے۔

Scroll to Top