یہ تو پھر ہونا ہی تھا !بنگلا دیش کی نئی کرنسی سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی

یہ تو پھر ہونا ہی تھا !بنگلا دیش کی نئی کرنسی سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نئی کرنسی سیریز متعارف کرا دی ہے، جس میں ملک کے بانی اور سابق صدر شیخ مجیب الرحمان کی تصویر شامل نہیں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ کئی دہائیوں بعد ایک بڑی تبدیلی کے طور پر سامنے آیا ہے، جس پر ملکی و بین الاقوامی سطح پر توجہ دی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، اتوار کے روز 20، 50 اور 1000 ٹکہ مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے، جن کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلی بار کرنسی نوٹوں سے کسی قومی شخصیت کی تصویر ہٹائی گئی ہے۔ اس کے بجائے نوٹوں پر بنگلہ دیش کے قدرتی مناظر، تاریخی مقامات، عبادت گاہیں، محل اور ثقافتی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے ترجمان، آرف حسین خان کا کہنا ہے کہ نئی کرنسی سیریز کا مقصد گزشتہ ڈیزائن سے انحراف اور ملک کے تنوع کو نمایاں کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی سیریز میں کسی بھی شخصیت کی تصویر شامل نہیں کی گئی تاکہ کرنسی کو غیر جانبدار اور قومی وحدت کی علامت بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق، دیگر مالیت کے نوٹوں کا اجرا آئندہ مراحل میں کیا جائے گا، جبکہ موجودہ کرنسی نوٹ اور سکے بدستور قانونی حیثیت کے ساتھ گردش میں رہیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ تبدیلی محض بصری نہیں بلکہ ایک علامتی پیغام بھی رکھتی ہے، جو ملک کے بدلتے ہوئے بیانیے اور مستقبل کی ترجیحات کا مظہر ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top