شریف خاندان نے پرانی روش اپنا کر دھاندلی نہیں کھلم کھلا ’’دھاندلا ‘‘کیا ، بیرسٹر سیف کا الزام

شریف خاندان نے پرانی روش اپنا کر دھاندلی نہیں کھلم کھلا ’’دھاندلا ‘‘کیا ، بیرسٹر سیف کا الزام

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شریف خاندان پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے روایتی حربے اپنا کر ’’دھاندلی نہیں بلکہ کھلم کھلا دھاندلا‘‘کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب کے نتائج کے باوجودن لیگ مایوسی کا شکار ہے، جب کہ پی ٹی آئی شکست کے باوجود مطمئن نظر آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریٹرننگ افسران (آر اوز) کے دفاتر کے باہر پی ٹی آئی چیئرمین کے حق میں نعرے لگ رہے تھے، جب کہ اندر بیٹھ کر نتائج تبدیل کیے جا رہے تھے۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کب تک عوامی مینڈیٹ کو چوری کر کے نتائج میں تبدیلی کرتی رہے گی؟ ’’سچ کو زیادہ دیر تک چھپایا نہیں جا سکتا، اور نہ ہی اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کی مقبولیت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ نتائج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں بیرسٹر سیف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا ترقیاتی سفر صرف ’’ٹک ٹاک ویڈیوز‘‘تک محدود ہے، اور عوام نے ان ’’ٹک ٹاک منصوبوں‘‘کو انتخابی عمل میں منہ توڑ جواب دیا ہے۔

بیرسٹر سیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پنجاب کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال میں ضمنی الیکشن کے نتائج پر سیاسی حلقوں میں گرما گرمی عروج پر ہے۔

Scroll to Top