وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر اور دو الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو باضابطہ ملاقات کی دعوت دے دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعظم نے عمر ایوب کو ارسال کردہ خط میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی مدتِ ملازمت 26 جنوری کو ختم ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود، تینوں شخصیات نے آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت اپنی ذمہ داریاں تاحال جاری رکھی ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو باقاعدہ تجاویز ارسال کرنا ضروری ہیں۔ اس حوالے سے آئینی و قانونی عمل کو مکمل کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کو باقاعدہ ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد اس اہم قومی معاملے پر مشاورت کے لیے دستیاب وقت بتائیں تاکہ اتفاق رائے سے شفاف اور قابل اعتماد الیکشن کمیشن کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں جمہوری اداروں کی فعالیت اور شفاف انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی قیادت کے مابین سنجیدہ مکالمے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔





