علی امین گنڈاپور سے سیمنٹ انڈسٹری وفد کی اہم ملاقات، فی ٹن رائلٹی 350 روپے کرنے پر اتفاق

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے سیمنٹ فیکٹریوں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں سیمنٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل، ان کے حل اور صوبے میں صنعت کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران فی ٹن سیمنٹ پر رائلٹی 250 روپے سے بڑھا کر 350 روپے کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اگلے پانچ سالوں کے دوران مرحلہ وار اضافے پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی، ابتدائی دو سالوں میں 10 فیصد اور اس کے بعد تین سالوں میں 7.5 فیصد سالانہ اضافہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سیمنٹ انڈسٹری سمیت تمام معدنی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے جپسم، پلیسر گولڈ اور دیگر معدنی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے مواقع پر بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیمتی معدنیات کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے، جسے جدید مائننگ مشینری اور طریقہ کار کے ذریعے ایکسپلور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے اپنی مائننگ کمپنی قائم کر لی ہے تاکہ معدنی وسائل کی بہترین منیجمنٹ ممکن ہو سکے۔

علی امین گنڈاپور نے وفد کو صوبائی ٹرانسمشن لائن کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی اور کہا کہ مقامی بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو سستی نرخوں پر فراہم کی جائے گی، جس سے صنعتی شعبے کو فروغ اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ثنا یوسف کیس، ٹک ٹاکرز اور انفلوئنسرز کیلئے ایڈوائزری جاری

وفد نے وزیر اعلیٰ کی سرمایہ کاری کی دعوت کا خیر مقدم کیا اور خیبرپختونخوا میں مستقبل میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

Scroll to Top