واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاورکاعیدالاضحی آپریشن پلان تیار، 3563 اہلکار حصہ لیں گے

پشاور: واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عید الاضحی آپریشن پلان کو حتمی شکل دے دی ،تین روزہ آپریشن میں 3563 اہلکار حصہ لیں گے جو 707 چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات اٹھائیں گے۔

معمول کے مطابق فراہمی آب کا آپریشن بھی جاری رہے گا، شکایات سیل دن رات فعال رہے گا جبکہ نماز عید سے قبل عید گاہوں کی صفائی کی جائے گی۔

زون اے میں669، زون بی میں 1100، زون سی میں 829، زون ڈی میں 487 اور زون ای میں 478 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

پلان کو چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر علی خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں حتمی دے دی گئی جس میں جنرل منیجر آپریشنز محمد اعجاز، زونل منیجرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آپریشنل سٹاف کے ساتھ ساتھ دفتری وانتظامی سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تمام سٹاف عید کے تینوں دنوں میں فرائض انجام دے گا، ہر زون کی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

عملہ 42 یونین کونسلوں کے گلی محلوں سے آلائشیں اور باقیات اٹھاکر17 مقررہ کلیکشن پوائنٹس فن لینڈ، رنگ روڈ پلاٹ، صابرینہ گلبہار، سائنس کالج چوک، بہادر کلے عمر روڈ، ڈسٹرکٹ کونسل نوتھیہ قیدیم، کوٹلہ محسن خان قبرستان، تاج آباد قبرستان، گل آباد، چار مارو روڈ، بہادر کلے نزد رنگ روڈ، عثمانیہ ٹائون رنگ روڈ، سائنس کالج اور پھندو روڈ منتقل کرے گا وہاں سے بڑی گاڑیوں کے ذریعے ڈمپنگ سائٹ لے جایا جائے گا جنہیں دو سو فٹ لمبے، 125 چوڑے اور 13 فٹ گہرے گڑھے میں ڈال کر سپرے کے بعد مٹی سے ڈھانپا جائے گا۔

عملے میں اوزار، محفوظ طریقے سے آلائشیں اٹھانے کے لئے قربانی کرنے والوں میں چار سو کلوگرام قابل تحلیل پلاسٹک تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔ آلائشیں مقررہ مقامات پر پھینکنے کی غرض سے علماء اور منتخب نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے آگاہی مہم جاری ہے،چونا اور جراثیم کش ادویات خریدی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں سے روابط ، پانچ مقامات پر عارضی ٹرانسفر سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، آپریشن میں تمام مشینری اور گاڑیاں استعمال کی جائیں گی، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سٹینڈ بائے گاڑیوں اور عملے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

آلائشیں مقررہ پوائنٹس پر پھینکنے بارے آگاہی کے لئے دو سو سے زائد علماء کے ذریعے پیغام پھیلانے کے لئے خطوط بھیجے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں آگاہی بینرز نصب کئےجا رہے ہیں۔

ڈبلیو ایس ایس پی مینجمنٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات ندی نالوں، غیر مقررہ مقامات اور گلی محلوں میں نہ پھینکیں، انہیں ڈبلیو ایس ایس پی کے فراہم کردہ تھیلوں میں ڈالکر گھروں کے سامنے رکھیں یا مختص کلیکشن پوائنٹس پہنچائیں تاکہ عملہ انہیں محفوظ طریقے سے اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور سے سیمنٹ انڈسٹری وفد کی اہم ملاقات، فی ٹن رائلٹی 350 روپے کرنے پر اتفاق

سی ای او نے زونل حکام کو عملے کو آپریشن کے دوران پانی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top