چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایئر چیف اور نیول چیف نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے
تفصیلات کے مطابق افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدس دن ہمیں قربانی، اتحاد اور غور و فکر کا درس دیتا ہے۔ دعا ہے کہ یہ بابرکت موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان پوری قوم کے دائمی امن، ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے دل سے دعاگو ہیں۔ ہم پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل استقامت اور صبر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم اپنے تمام بہادر سپاہیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور شہریوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ اور امن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دی۔
بیان کے اختتام پر وطن عزیز کے ان عظیم شہداء کے خاندانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن کے پیاروں نے پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘آئی ایس پی آر





