صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں قربانی، اتحاد اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک عظیم، مضبوط اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی کے لیے رویّوں میں برداشت، ہم آہنگی اور قربانی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمیں اجتماعی قربانی، اتحاد اور عزم کے جذبے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قربانی کا یہی جذبہ ہے جو قوموں کی تقدیر بدلتا ہے اور ملک کو کامیابی کی منازل تک لے جاتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ یہ بابرکت موقع تمام پاکستانیوں کے لیے خوشیوں، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے۔





