مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری

معاشی میدان سے اچھی خبر، مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کا رجحان

وفاقی حکومت کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار میں بتدریج کمی کا رجحان جاری ہے، اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی میں 0.02 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 18 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی، 6 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 27 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق چکن کی قیمت میں 11.22 فیصد، لہسن میں 3.71 فیصد، ایل پی جی میں 0.76 فیصد اور گھی میں زیرواعشاریہ چوبیس فیصد کمی دیکھی گئی۔

دوسری جانب روزمرہ استعمال کی چند اشیا میں مہنگائی کا رجحان برقرار رہا۔ سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر (16.94%)، آلو (11.52%) اور پیاز (5.21%) کی قیمتوں میں ہوا۔ اس کے علاوہ انڈے، چینی، دالیں، دودھ اور پیٹرول جیسی اشیا کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں مختلف آمدنی کے طبقوں پر مہنگائی کے اثرات کا بھی جائزہ پیش کیا گیا۔

17,732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد کمی کے ساتھ 0.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
17,733 سے 22,888 روپے آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 1.55 فیصد رہی۔
44,176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق مہنگائی کی رفتار میں معمولی کمی خوش آئند ہے، تاہم قیمتوں میں حقیقی کمی کے لیے طویل المدتی معاشی پالیسیوں اور ریلیف اقدامات کی ضرورت باقی ہے۔

Scroll to Top