وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت دن دوسروں کے دکھ درد بانٹنے، ایثار اور قربانی کا عملی درس دیتا ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’یہ دن ہمیں خلوص، محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ صاحبِ استطاعت افراد پر لازم ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ عید کی حقیقی روح زندہ رہ سکے۔‘‘
انہوں نے شہریوں سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی اور ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’شہری صفائی عملے سے مکمل تعاون کریں تاکہ قربانی کے بعد پیدا ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگایا جا سکے اور ماحول صاف و صحت مند رہے۔‘‘
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ یہ مبارک دن ہمارے لیے باعث رحمت، اتفاق، اور ملکی ترقی و استحکام کا ذریعہ بنائے۔





