وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کے ہیڈکوارٹر، وانا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مغربی سرحد پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ عید منائی، نماز ادا کی اور ملک کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
دورے کے موقع پر آئی جی ایف سی (ساؤتھ) نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں، قبائلی عوام، پولیس اور دیگر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں ایف سی جوانوں کی جرات، حب الوطنی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی قربانیاں پاکستان کے تحفظ کی اصل ضمانت ہیں، یہی جذبہ ہماری قومی طاقت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کا تعاون بھی لائق تحسین ہے اور ان کا جذبہ قوم کا قابلِ فخر سرمایہ ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، جن کی بدولت آج وطن عزیز امن کی طرف گامزن ہے۔





