عیدالاضحیٰ پر عمر ایوب کی جانب سے قوم اور حجاج کرام کو دلی مبارکباد

عیدالاضحیٰ پر عمر ایوب کی جانب سے قوم اور حجاج کرام کو دلی مبارکباد

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، ہماری تحریک اب بھی جاری ہے اور جلد ہی اس کا نتیجہ قوم کے سامنے ہوگا۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے قوم اور حجاج کرام کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور دیگر قائدین کو محض عمران خان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’تمام پارٹی قیادت کو پاکستان سے محبت کی سزا دی گئی ہے، لیکن ہماری جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ جلد ہی بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، اور عوامی تحریک کا نیا مرحلہ عمران خان کی کال پر شروع ہوگا۔‘‘

عمر ایوب نے اپنے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کو بے بنیاد اور سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ریفرنس محض ایک فرمائشی پروگرام ہے، جو پہلے ہی 2018 اور 2024 میں مسترد ہو چکا ہے۔ بغیر کسی ثبوت کے بار بار الزامات لگائے جا رہے ہیں۔‘‘

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ ’’میرے خلاف 200 سے زائد ایف آئی آرز درج کی گئیں، اگر واقعی کوئی سنجیدہ مقدمہ ہوتا تو پیکا ایکٹ کے تحت کوئی ایف آئی آر ضرور سامنے لائی جاتی۔ ہمیں دبایا نہیں جا سکتا، میں عمران خان کا سپاہی ہوں اور اپنی جماعت کے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی سے محبت میں ووٹ دیا ہے، اور ہمارے مخالفین اس مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

Scroll to Top