صوابی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے عیدالاضحیٰ کے دوران بجلی کی طویل بندش پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عید پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان محض دعویٰ نکلا، کیونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوابی میں بمشکل 2 گھنٹے بجلی فراہم کی گئی ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دعوے عوام کے ساتھ فراڈ ہیں، اور ان کی اصلیت جاننی ہو تو صوابی کے عوام سے پوچھا جائے، جن کا قربانی کا گوشت بجلی نہ ہونے کی وجہ سے خراب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔ اسد قیصر نے چیف پیسکو اور دیگر متعلقہ حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر بجلی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو عوام کے ہمراہ گریڈ اسٹیشن کا رخ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : عید کے دوسرے روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی شہریوں سے کنڈی ماڈل فارم پر ملاقات
صوابی سمیت کئی علاقوں سے عید کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ حکومتی وعدوں کے برعکس عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔