اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی بجٹ 2025-26 کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان کے مطابق وفاقی بجٹ 10 جون 2025 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جب کہ 11 اور 12 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو گا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ 13 جون سے بجٹ پر باقاعدہ بحث کا آغاز ہو گا، جس میں پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے تحت اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا۔ بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری رہے گی اور اسی روز اسے سمیٹ دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں ہو گا، جب کہ 23 جون کو مختص کردہ ضروری اخراجات پر بحث کی جائے گی۔ 24اور 25 جون کو ڈیمانڈز، گرانٹس اور کٹوتی کی تحاریک پر بحث اور ووٹنگ ہو گی۔
وفاقی بجٹ کی منظوری 26 جون کو فنانس بل کی صورت میں دی جائے گی، جب کہ 27 جون کو ضمنی گرانٹس اور دیگر امور پر بحث اور ووٹنگ کی جائے گی۔





