لکی مروت : ضلع لکی مروت میں عید کے دوسرے روز تھانہ غزنی خیل کی حدود میرہزار خانزاد خیل میں پولیس اور خطرناک اشتہاریوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کراس فائرنگ کے نتیجے میں قتل اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری فرمان عرف ڈی پی او زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم اور جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار اشتہاری لکی مروت پولیس کو متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا، اور اس کی گرفتاری ایک اہم پیش رفت ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں ترکی فلاحی تنظیم کی جانب سے مستحق افراد کے لیے اجتماعی قربانی کا اہتمام
علاقے میں پولیس کی کارروائی کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ اہل علاقہ نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔





