ٹیکس نہ دینے والوں پر شکنجہ سخت، نان فائلرز کیلئے بیرون ملک سفر بند کرنے کی تجویز

ٹیکس نہ دینے والوں پر شکنجہ سخت، نان فائلرز کیلئے بیرون ملک سفر بند کرنے کی تجویز

ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے والوں کے لیے بری خبر، حکومت نے نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نان فائلرز پر بیرون ملک سفر کی پابندی سمیت مالیاتی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی متعدد تجاویز زیر غور ہیں۔

نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق نان فائلرز کے لیے بینک سے 50 ہزار روپے یا اس سے زائد رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح دگنی کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت موجودہ 0.6 فیصد کی جگہ 1.2 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

سرمایہ کاری، ٹرانزیکشنز اور جائیداد کی خریداری پر پابندیاں برقرار
حکام کے مطابق نان فائلرز کی موبائل فون سمز اور انٹرنیٹ ڈیوائسز فی الحال بلاک نہیں کی جائیں گی، تاہم ان پر گاڑیاں اور جائیداد خریدنے کی پہلے سے عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

اس کے علاوہ نان فائلرز کو شیئرز خریدنے اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری سے بھی روکا جائے گا۔ حکومت ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے نان فائلرز کی کیٹیگری کو مکمل طور پر ختم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔

ٹیکس چوری پر بھاری جرمانے، POS سسٹم کی نگرانی سخت ہوگی
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم کے تحت ٹیکس چوری کرنے والوں پر جرمانے میں 10 گنا اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق جرمانہ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کیا جا سکتا ہے۔

ایف بی آر ان افراد کے خلاف بھی کارروائی کرے گا جو POS مشینز میں خفیہ طور پر کیش ریٹس تبدیل کرتے ہیں۔ اس حوالے سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 بی کے تحت کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Scroll to Top