محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور آئندہ دنوں میں موسم مزید خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند ایک علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کی بھی توقع کی جا رہی ہے، تاہم عمومی طور پر ان علاقوں میں بھی موسم خشک ہی رہے گا۔
ماہرین موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ شدید دھوپ اور گرمی کے دوران غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، کھلے آسمان تلے زیادہ دیر نہ رہیں، پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھائیں اور بچوں و بزرگوں کو خاص طور پر گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت انسانی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، لہٰذا خود کو دھوپ سے محفوظ رکھنا بے حد ضروری ہے۔





