پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے چیریٹیز ترمیمی بل 2025 اور کے پی سزا ایکٹ 2021 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے چیریٹیز ترمیمی بل 2025 پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔
نئے قانون کے تحت خیراتی اداروں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب تمام پہلے سے رجسٹرڈ اداروں کو ہر دو سال بعد رجسٹریشن کی تجدید کرانا ہوگی۔
بل کے تحت ایک کمیشن قائم کیا جائے گا جو رجسٹریشن کی تجدید کے لیے فیس مقرر کرے گا۔ یہ ترمیم قانون کے سیکشن 12 میں کی گئی ہے۔
دوسری جانب کے پی سزا ایکٹ 2021 میں بھی ترمیم کا بل پیش کیا گیا، جسے بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ ترمیم کے مطابق سزاؤں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ایک کونسل تشکیل دیں گے، جس میں حاضر سروس یا ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، پراسیکیوٹرز، ججز اور وکلا شامل ہوں گے۔ کونسل کے ارکان اجلاس میں شرکت پر اعزازیہ کے اہل ہوں گے۔
بل کے تحت کونسل کا چیئرمین مسلسل دو مرتبہ سے زائد مدت کے لیے اہل نہیں ہوگا، جبکہ وزیراعلیٰ کونسل کے لیے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کریں گے۔





