ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ: ہزاروں شہریوں کا سڑکوں پر جشن، افواج کے حق میں نعرے

تہران :ایران کی جانب سے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر جوابی حملے کے بعد ملک بھر میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور مسلح افواج کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے جشن منایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کی جانب 100 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، جن کے نتیجے میں کم از کم 15 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے، جن میں سے ایک طیارے کی خاتون پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب نے اپنے حملے کو آپریشن وعدہ صادق 3 کا نام دیا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کے حالیہ حملوں کا سخت جواب دینا ہے۔
ایران کی یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی جب اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے تھے۔
ایرانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں، حساس فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن کے نتیجے میں 6 ایرانی سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے اسرائیل کے دو طیارے مار گرائے، خاتون پائلٹ گرفتار

ایرانی عوام نے جوابی کارروائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں ریلیاں نکالیں اور افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے تک جشن اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ خطے میں کشیدگی میں اضافے کے بعد صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش بھی بڑھ گئی ہے۔

Scroll to Top